بڑی عید کی بڑی تیاریاں : ویسٹ مینجمنٹ کا ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو کولیکشن پوائنٹس کی فری سہولت دینے کا فیصلہ
لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے بڑی عید کی بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق عید پر شہر کو آلائشوں اور تعفن سے پاک رکھنے کے لیے ہر ممکن انتظامات کے لیے احسن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں ایل ڈبلیو ایم سی اور پرائیویٹ سوسائٹیز کے نمائندگان کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں 200 سے زائد پرائیویٹ سوسائٹیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈی جی ایم آپریشن بلال اشرف نے سو سائٹی نمائندگان کو عید پلان پر بریفنگ دی اور جی ایم آپریشن ڈاکٹر کامران بھی شریک ہوئے۔اس سلسلے میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ عیدِ قرباں پر لاہور کو آلائشوں اور تعفن سے بروقت پاک کرنے کے لیے کوشاں ہیں اوراپنے ہدف کی کامیابی کے لیے پرائیویٹ سوسائٹیز کے نمائندگان سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو کولیکشن پوائنٹس کی فری رسائی فراہم کی جائے گی۔سوسائٹی کے رہائشی متعلقہ یو سی میں قائم کردہ کیمپ سے فری ویسٹ بیگ حاصل کر سکیں گے۔ سوسائٹیز کے اندر سے آلائشیں ٹرانسفر اسٹیشن تک پہنچانا سوسائٹی کی ذمہ داری ہو گی۔ سوسائٹی نمائندگان کو متعلقہ ٹاؤن مینجرز کے رابطہ نمبر اور کولیکشن پوائنٹس کی لوکیشنز کے بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والی سوسائٹیز کے خلاف سخت قانونی ایکشن ہو گا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے شہریوں سے بھی گزارش کی ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی عید انتظامات اور صفائی اقدامات میں تعاون کریں۔غیر قانونی ڈمپنگ سے اجتناب کریں۔کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں۔