نوجوان نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کی دھمکیاں دینے پر اپنی محبوبہ کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں نوجوان نے مبینہ طور پر رقم کا تقاضا کرنے اور جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کی دھمکیاں دینے پر اپنی محبوبہ کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق مقتولہ اور ملزم اجے کا تعلق ریاست اترپردیش سے تھا۔ ایک ہفتہ قبل لڑکی اپنی بہن سے ملنے نئی دہلی آئی اور ملزم بھی اپنی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اس کے پیچھے نئی دہلی چلا آیا۔دہلی میں ملزم نے لڑکی کو ایک ساتھ وقت گزارنے کے لیے بلایا اور اسی کے دوپٹے سے پھندہ دے کر قتل کر دیا اور فرار ہوتے ہوئے لڑکی کا فون بھی ساتھ لے گیا۔ پولیس نے ملزم کو اتم نگر کے علاقے سے حراست میں لے لیا ہے۔
ملزم نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اس کی مقتولہ کے ساتھ ایک سال قبل دوستی ہوئی تھی اور اب وہ اس سے بہت زیادہ رقم مانگنے لگی تھی اور نہ دینے پر دھمکیاں دیتی تھی کہ وہ اس کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرا دے گی۔ چنانچہ اس سے جان چھڑانے کے لیے ملزم نے اسے جان سے مارنے کا منصوبہ بنا لیا۔