برطانوی وزیراعظم نے امریکی شہریت چھوڑنے کی حیران کن وجہ بتادی

برطانوی وزیراعظم نے امریکی شہریت چھوڑنے کی حیران کن وجہ بتادی
برطانوی وزیراعظم نے امریکی شہریت چھوڑنے کی حیران کن وجہ بتادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن 1964ءمیں امریکہ کے شہر نیویارک میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والدین اس وقت امریکہ میں کام کرتے تھے۔ وہاں پیدا ہونے کے باعث بورس جانسن پیدائشی طور پر امریکی شہری تھے مگر 2016ءمیں انہوں نے اپنی امریکی شہریت چھوڑ دی تھی۔ بھلا کیوں؟ اس سوال کا جواب سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ 
بورس جانسن نے حال ہی میں سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک رہتے ہوئے امریکہ کی شہریت رکھنا بہت مہنگا کام ہے۔ آپ کو امریکی حکومت کو کئی طرح کی فیسیں اور ٹیکس ادا کرنے پڑتے ہیں۔ ان سے بچنے کے لیے میں نے امریکی شہریت چھوڑی۔
رپورٹ کے مطابق بورس جانسن نے 2016ءمیں اپنا شمالی لندن میں واقع گھر فروخت کیا تھا۔ یہ گھر فروخت کرتے ہوئے انہیں معلوم ہوا کہ گھر کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے وہ امریکی حکومت کو کیپیٹل گین ٹیکس کی مد میں 50ہزار ڈالر دینے کے پابند ہیں۔ تب انہوں نے امریکی ادارے آئی آر ایس کو یہ ٹیکس دینے کی بجائے امریکہ کی شہریت ہی چھوڑ دی تھی۔
واضح رہے کہ امریکہ سے باہر رہنے والے دوہری شہریت کے حامل امریکیوں کو اپنے بینک اکاﺅنٹس برقرار رکھنے کے لیے بھی اپنے بینکوں کو ’سرٹیفکیٹ آف نیشنلٹی‘ فراہم کرنا پڑتا ہے اور بینک ایسے امریکیوں کی معلومات آئی آر ایس کے ساتھ شیئر کرنے کے پابند ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال ہزاروں بیرون ملک مقیم دوہری شہریت رکھنے والی امریکی شہری اپنی امریکی شہریت ترک کر دیتے ہیں۔ گزشتہ 10سال کے دوران 37ہزار سے زائد امریکی اپنی شہریت چھوڑ چکے ہیں۔ صرف سال 2020ءمیں ہی 6ہزار 705امریکیوں نے اپنی امریکی شہریت چھوڑی تھی۔

مزید :

برطانیہ -