چہرے پربالوں والی آسٹریلوی لڑکی نے اپنی زندگی کی کہانی شیئرکردی
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک)داڑھی اگرچہ مردوں کا خاصا ہے مگر کچھ عارضے ایسے بھی ہی جن میں مبتلا خواتین کے بھی داڑھی کے بال بڑھنے شروع ہو جاتے ہیں۔ اب تک دنیا میں اس طرح کے چند کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک 26سالہ مورگن کولمین نامی آسٹریلوی لڑکی بھی ہے۔ مورگن نے جب بلوغت کی دہلیز پر قدم رکھا تو لڑکوں کی طرح اس کے چہرے پر بھی بال بڑھنے شروع ہو گئے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن کی رہائشی مورگن نے بتایا ہے کہ 11سال کی عمر میں میرے چہرے پر بال اگنے شروع ہوئے اور میں شدید کوفت کا شکار ہو گئی۔ میں نے انہیں ختم کرنے کی بہتیری کوشش کی لیکن ناکام رہی۔ میں ریزر سے شیو کرتی مگر پھر بھی مجھے لوگوں کا طنز کا سامنا کرنا پڑتا۔ سکول میں ہر کوئی مجھ پر فقرے کستا۔ بالآخر میں نے اپنی داڑھی کو قبول کر لیا اور شیو کرنی ترک کر دی۔
مورگن نے کہا کہ اس نے 15سال لاحاصل جدوجہد کی مگرچہرے کے بالوں سے نجات نہ پا سکی۔ بالآخر اسے ان بالوں کو قبول کرنا پڑتا اور آج اسے ان پر کوئی شرمندگی نہیں ہوتی۔اب وہ اس عارضے میں مبتلا دیگر لڑکیوں کو حوصلہ دیتی ہے کہ وہ اس پر شرمندہ ہونے کی بجائے اسے قبول کریں ورنہ لوگ انہیں اسی طرح تنگ کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ مورگن کولمین ”پولی سسٹک اووری سنڈروم‘ ‘(Polycystic Ovary Syndrome)نامی عارضے میں مبتلا ہے۔ یہ بیماری ہارمونز میں گڑبڑ کے سبب لاحق ہوتی ہے جس میں خواتین کے چہرے پر مردوں کی طرح بال اگنے شروع ہو جاتے ہیں۔