وزیراعظم نےافغانستان سے کوئلہ ڈالرکی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نےافغانستان سے کوئلہ امریکی ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی نقل و حمل کا نظام بہتر بنانےپرغور کیا گیا۔ شہباز شریف نے بین الاقوامی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر اظہارتشویش کیا اور کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت کو مہنگی بجلی پیدا کرنے کا بنیادی سبب قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان سے کوئلہ امریکی ڈالرز کی بجائے پاکستانی روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نے افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے سے سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اورصنعتوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔