سود کے خلاف فیصلے پر اپیل ، جے یو آئی کا اظہارِ لا تعلقی

سود کے خلاف فیصلے پر اپیل ، جے یو آئی کا اظہارِ لا تعلقی
سود کے خلاف فیصلے پر اپیل ، جے یو آئی کا اظہارِ لا تعلقی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماء اسلام ف سے تعلق رکھنے والے  وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد  محمود نے سود کے  فیصلے کے خلاف اپیل سے اظہارِ لا تعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اس پر متعلقہ وزارت اکیلے فیصلہ نہیں کرسکتی، چار سال سے برقرار اتحاد کہیں پارہ پارہ نہ ہوجائے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے سود کے نظام کے خلاف ایک جدوجہد چل رہی تھی،وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف تاریخی فیصلہ دیا جس پر قومی سطح پر پاکستانیوں کو جشن منانا چاہیے تھا لیکن اس کے خلاف اپیل کردی گئی ، ہم اپیل کے فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سود کیخلاف اپیل پر واضح موقف دے، حکومت کے پاس اتحاد میں علما کی جماعت ہے،ابہام بتایا جائے ہم دور کریں گے،پاکستان کے عوام اسلامی نظام چاہتے ہیں، عوام کو  کیوں شریعت کے مطابق معاشی نظام نہیں دینا چاہتے۔ہمیں چھوٹے چھوٹے فیصلوں پر پوچھا جاتا ہے، اتنا بڑا  فیصلہ تن تنہا کر لیں یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، چار سال سے برقرار اتحاد کہیں پارہ پارہ نہ ہوجائے۔ ہم اتحادی ہیں، متعلقہ وزارت اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتی، ہم اس فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔

مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ طے کرلیا ہے  ہم اسلام کے مطابق اس ملک میں زندگی گزاریں گے ،چاہے ہم حکومت میں ہوں یا اپوزیشن  میں ہم اسلام یا شریعت کے خلاف ہر اقدام کی مخالفت کریں گے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -