اسلامی ممالک حسینہ واجد کی انتقامی کارروائیا ں بند کرانے میںکردار ادا کریں ،مقبول احمد

اسلامی ممالک حسینہ واجد کی انتقامی کارروائیا ں بند کرانے میںکردار ادا کریں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر مقبول احمد نے کہاہے کہ عوامی لیگ کی حکومت نے انتقامی کاروائی کرتے ہوئے امیر جماعت مولانا مطیع الرحمن نظامی اور دیگر قائدین کے لیے سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ 2009-13 ءکے عرصے میں جماعت اسلامی کے پچاس ہزار کارکنان کو گرفتار کیا جاچکاہے ۔ جماعت اسلامی اور اسلامی چھاترو شبر کے کارکنان کے خلاف 30ہزار مقدمات درج کیے جا چکے ہیں ۔ مظاہروں میں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ۔قریب سے نشانہ بننے والے سینکڑوں افراد ٹانگوں سے محروم ہو گئے جبکہ چند مقامات پر مظاہرین کی آنکھیں تک نکال لی گئیں اور یہ ظلم کی انتہا ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل میں موصول ہونے والے اپنے ایک بیان میں مقبول احمد نے کہاکہ 2008 ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کمپیوٹر کے ذریعے دھاندلی کی گئی اس طرح 2005 ءکے انتخابات میں حزب اختلاف کو حصہ ہی نہ لینے دیاگیا ۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالقادر ملا کو سزائے موت دے دی گئی نیز سیکرٹری جنرل علی ا حسن مجاہد کی سزا پر عملدرآمد کی تیاری جاری ہے ۔مقبول احمد نے کہاکہ بھارت کی حکومت کے ایما پر حسینہ واجد حکومت بنگلہ دیش کی اسلام پسند اور جمہوریت پسند قوتوں کو نقشے سے مٹادینا چاہتی ہے تاہم اُپا ضلع انتخابات میں جماعت کی کامیابی واضح کر رہی ہے کہ جماعت اسلامی کی محبت کو بنگلہ دیش کے کروڑوں عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے آئین کے ہم پابندہیں اور اس کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ دفاتر بند کیے جارہے ہیں اور اس کے خلاف سخت ترین مزید کاروائی کی تیاری ہورہی ہے ۔ انہوں نے امریکہ ، برطانیہ سمیت تمام مغربی ممالک اور تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی کہ بنگلہ دیش میں اسلام پسند وں کے خلاف حسینہ واجد حکومت کی انتقامی کاروائی بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
مقبول احمد

مزید :

علاقائی -