غربت اور شوہر کے رویہ سے تنگ خاتون نے بیٹیاں قتل کردیں ، خودکشی کی کوشش
لیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) لیہ میں ماں نے غربت اورشوہر کے رویہ سے تنگ آکر دو بیٹیوں کو زہر دے کر قتل کردیااور خودکشی کی کوشش کی تاہم خاتون بچالیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہولناک واقعہ لیہ کے علاقے اڈا ریاض آباد میں پیش آیا جہاں بلقیس نامی خاتون نے چار سال کی مقدس اور دو سالہ عشرت کو زہریلی دوا پلا دی۔ بچیوں کی موت کے بعد خاتون نے خودکشی کی کوشش کی تاہم اسے بچالیا گیا۔ ہسپتال میں زیر علاج بلقیس کا کہنا ہے اس کا شرابی شوہر اسے بدکاری پر مجبور کرتا ہے جس پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ خاتون اپنے ہاتھوں اپنی بچیوں کے خاتمے اور خودکشی کی کوشش کو شرابی شوہر کے کرتوتوں کو ٹھہراتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ مجھے بدکاری پر مجبور کرتا تھا لیکن وہ پولیس کو اس امر کا معقول جواب نہ دے سکی کہ آخر معصوم بچیوں کے قتل کی وجہ کیا ہے اگر شوہر اسے بدکاری کی طرف راغب کرنا چاہتا تھا تو بچیوں کو کیوں مارا؟ پولیس نے ملزمہ بلقیس بیگم کا مقامی ہسپتال سے علاج کروانے کے بعد باقاعدہ گرفتارکرلیا ہے اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بلقیس کے سسرالی رشتہ داوں کا کہنا ہے کہ وہ خود بدچلن ہے شوہر اسے اس راستے سے ہٹانا چاہتا تھا اور روکنے کے جرم میں ہی معصوم بچیوں کو قتل کرکے اپنے ردعمل کی آگ ٹھنڈی کرلی۔ کمسن بچیاں چار سالہ مقدس اور دو سالہ عشرت کو بلقیس نے دوائی میں زہر ملا کر دیا تھا جو اس نے مقامی ڈسپنسر سے تیار کروایا، پولیس اس کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مار رہی ہے۔ تاہم بلقیس کے خاوند سے فوری طور پر رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔
