موقع موقع کرنے والے بھارتی اپنی شکست پر ”پٹاخے “ بن گئے
نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) موقع موقع کرنے والے بھارتیوں سے اپنی ٹیم کی شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے اور کئی شہروں میں شائقین کی جانب سے ٹی وی توڑنے کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے پوسٹرز بھی جلائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارت کے کئی شہروں میں شائقین نے ٹی وی سیٹ توڑ دیئے ہیں اور احتجاجی مظاہرے بھی کئے جا رہے ہیں جس دوران بھارتی کرکٹرز کے خلاف نعرے بازی کرنے کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے پوسٹرز اور ہولڈنگ بورڈز بھی جلائے جا رہے ہیں۔ بھارتی شائقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے پیش نظر کپتان مہندرا سنگھ دھونی سمیت کئی کھلاڑیوں کے گھروں کے باہر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ شائقین نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی اودھم مچا رکھا ہے اور ہر کوئی کھلاڑیوں کو طرح طرح کے القابات سے نواز رہا ہے۔