فش فارمرز حضرات کیلئے پہلی بار ششماہی ڈپلومہ کورس کا اجراء کر دیا ‘ڈاکٹر محمد ایوب

فش فارمرز حضرات کیلئے پہلی بار ششماہی ڈپلومہ کورس کا اجراء کر دیا ‘ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا ہے کہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فش فارمرز حضرات کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شروع کئے جانے والے ششماہی ڈپلومہ کورس کا اجراء کر دیا گیا ہے جس سے نا صرف پنجاب بلکہ ملک بھر کے فش فارمرز مستفید ہو ں گے ۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز فشریز ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مناواں میں کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر محکمہ ماہی پروری کے افسران کے علاوہ ماہی پروری کی تربیت حاصل کرنے کے لئے ملک بھر سے آئے ہوئے فش فارمرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا کہ ملک بھر میں ایسی کوئی یونیورسٹی یا ادارہ موجود نہیں ہے جو پروفیشنل ڈپلومہ کرواتا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں صرف صوبہ پنجاب کا محکمہ فشریز ہی وہ محکمہ ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا ہے کہ ماہی پروری کے شعبہ میں آئندہ ڈگری پروگرام بھی شامل کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز پنجاب ماہی پروری کی ترقی و ترویج کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہا ہے او رملک میں پروٹین کی کمی کو خدمت خلق سمجھ کو پورا کر رہا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ماہی پروری وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ماہی پروری کے شعبہ کو مزید وسعت اور ترقی دینے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا ۔ مزید برآں تقریب سے ڈاکٹر امتیاز بیگم منہا س، ڈائریکٹر فشریز (آر اینڈ ٹی) اور زاہد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز (پرنسپل )نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

کامرس -