معذور مغوی نوجوان بازیاب نہ ہو سکا ، والد اور چچا دادرسی کیلئے دفتر ’’پاکستان‘‘ پہنچ گئے

معذور مغوی نوجوان بازیاب نہ ہو سکا ، والد اور چچا دادرسی کیلئے دفتر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم سیل) نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والا معذور نوجوان بازیاب نہ ہوسکا مغوی کا والداور چچا دادرسی کے لئے دفتر "پاکستان" پہنچ گئے۔پولیس کی جانب سے مغوی کی بازیابی کے لیے خاطر خواہ کوشش نہیں کی جا رہی ،لواحقین کا الزام۔گوجرانوالہ کے علاقہ دھلے چوک کے رہائشی مغوی کے والد مبارک علی اور چچا اقبال شاکر نے دفتر" پاکستان" میں آ کر یہ موقف اختیار کیا کہ 34سالہ زاہد محمود ٹانگوں سے معذور ہے اور ٹرائی سائیکل استعمال کرتاتھا ۔17تاریخ کی رات کو دھلے چوک پر کسی کام کے سلسلے میں اپنی ٹرائی سائیکل پر گیا لیکن واپس گھر نہیں لوٹا ۔اس کی تلاش کے لیے انہوں نے تمام رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں سے معلومات حاصل کیں لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ انہوں نے تھانہ دھلے گوجرانوالہ میں اس حوالے سے رپورٹ درج کروائی ۔لیکن پولیس کی جانب سے تاحال مغوی کی بازیابی کے لیے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں شک ہے کہ بھیک منگوانے والے کسی گینگ نے زاہد محمود کو اغوا کر لیا ہے کیونکہ اس کی تلاش شہر کے تمام ہسپتالوں اور مردہ خانوں میں بھی کی گئی ہے لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس حوالے سے گمشدگی کی رپورٹ درج کی ہے اور تلاش کے لیے کوئی تعاون نہیں کیا ہے پولیس حکام سے اپیل کی ہے ہماری مدد کر کے زاہد محمود کو بازیاب کروایا جائے۔اس حوالے سے تھانہ دھلے میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ زاہد محمود کی تلاش کی جارہی ہے ،جلد ہی اس کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -