آصف علی زرداری کا کسانوں کی بھرپور حمایت کا اعلان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )شریک چیئرمین پیپلزپارٹی و سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں کسانوں پرتشدد اوران کی گرفتاریوں کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کو اپنے مطالبات کے حق میں پر امن مظاہرہ کرنے کا حق حاصل ہے، پیپلزپارٹی ہر جگہ کسان برادری کے ساتھ کھڑی ہو گی اور انکے حقوق کے لئے بھرپورآواز بلند کریگی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کسانوں اور شعبہ زراعت کو مسلسل نظر انداز کیا جانا مجرمانہ غفلت ہے،حکومتی رویے سے نہ صرف کسان برادری میں شدید بے چینی پیدا ہو رہی بلکہ اس سے ملک میں زرعی بحران کا بھی خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث آلو،گندم اور چاول کی فصلیں بری طرح متاثر ہو ئی ہیں ۔ آصف علی زرداری نے شعبہ زراعت کے ساتھ مسلسل بے حسی اپنائے جانے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جہاں ملک میں زرعی بحران سر اٹھائے گا وہیں ملکی معیشت پر بھی اثر پڑے گا اور دیہی علاقوں میں بدامنی پھیلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی دور میں کسانوں کے حقوق کا خیال رکھا گیا تاہم موجودہ حکومت کسانوں کو شکار بنا رہی ہے ۔