تین گلاس روزانہ دودھ پینے سے ذہنی صحت میں حیرت انگیز اضافہ

تین گلاس روزانہ دودھ پینے سے ذہنی صحت میں حیرت انگیز اضافہ
 تین گلاس روزانہ دودھ پینے سے ذہنی صحت میں حیرت انگیز اضافہ

  


 نیویارک (نیوز ڈیسک) کیلشیم سے بھرپور دودھ کو ہڈیوں کے لئے بہترین غذا سمجھا جاتا ہے لیکن امریکی سائنسدانوں نے ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ تین گلاس روزانہ دودھ پینے سے ذہنی صحت میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوتا ہے۔یونیورسٹی آف کینساس کے پروفیسر آف نیورولوجی ان ینگ چوئی اور پروفیسر ڈیبرا سلیون کی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ روزانہ تین گلاس دودھ پینے سے دماغ میں گلوٹا تھائی اون نامی قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ کی مقدار میں اضافہ ہوجاتا ہے جو کہ دماغ کے خلیوں کو فری ریڈیکلز کے نقصانات سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس آکسیڈنٹ میں اضافے کی وجہ سے دماغ کی عمومی صحت بہتر ہوجاتی ہے اور خصوصاً الزائمرز اور پارکنسنز جیسی بیماریوں سے تحفظ ملتا ہے۔ تحقیق کے 60 شرکاء کے دماغی تجزئیے سے معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ تین گلاس دودھ پیتے ہیں ان کے دماغ میں موجود گلوٹا تھائی اون کی مقدار واضح طور پر زیادہ تھی۔ ڈاکٹر سلیون کا کہنا ہے کہ فری ریڈیکلز سے دماغ کے خلیوں کو پہنچنے والا نقصان ایسا ہی ہے جیسے لوہے کو زنگ لگ جاتا ہے لیکن روزانہ تین گلاس دودھ دماغ کو اس زنگ سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ تحقیق ’’امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن‘‘ میں شائع کی گئی ہے۔

مزید : علاقائی