چوری و ڈکیتی کا مال ملنے پر متاثرین کا اظہار اطمینان ، عدالتوں کے چکرلگوانے کی بجائے خود سپرداری کروائی: ایس ایس پی آپریشن

چوری و ڈکیتی کا مال ملنے پر متاثرین کا اظہار اطمینان ، عدالتوں کے چکرلگوانے ...
چوری و ڈکیتی کا مال ملنے پر متاثرین کا اظہار اطمینان ، عدالتوں کے چکرلگوانے کی بجائے خود سپرداری کروائی: ایس ایس پی آپریشن

  


پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ پولیس نے عوام کا چوری یا ڈکیتی کے دوران چھینا گیا مال ازخود سپرداری کرواکر متاثرین کو واپس دیناشروع کردیا جس پر عوام نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹرمیاں سعید نے بتایاکہ پولیس نے گذشتہ تین ماہ میں پچاس سے زائد وارداتوں کا سراغ لگاکر مال مسروقہ برآمد کیا جن میں پانچ گاڑیاں،بارہ تولے سونا، دس لاکھ روپے نقدی ، چھ اے سی اور سات جنریٹرشامل ہیں ۔اُن کاکہناتھاکہ عمومی طورپر دیکھاگیا عوام اور ملزموں کے درمیان آﺅٹ آف کورٹ معاملات طے پاجاتے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ متاثرشہریوںکو مال مسروقہ نہ ملناہے ، پہلی مرتبہ یہ کیاہے کہ عوام کو عدالتوں کے چکر لگانے کی بجائے پولیس کے ذریعے سپرداری کرائی گئی اورخودہی مال حوالے کردیا۔

پولیس حکام کاکہناتھاکہ چوری شدہ مال کی واپسی کا یہ عمل مہینے میں ایک بار ضرورہوگا تاکہ نہ صرف عوام کو مال واپس مل سکے بلکہ اعتماد قائم رہے ۔

مالکان کاکہناتھاکہ خیبرپختونخواہ کی پولیس میں ماضی کی نسبت نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے ،گھر پر بیٹھے چیز مل جاتی ہے اور ملزم پکڑے جاتے ہیں۔

مزید : پشاور /اہم خبریں