یمن کی صورتحال ، وزیردفاع اور مشیر خارجہ کا دورہ سعودی عرب موخر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا دورہ سعودی عرب موخر کر دیا گیاہے جبکہ یمن کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے وزیراعظم ہاﺅس میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا گیا۔
دفترخارجہ نے وزیردفاع اور مشیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کے موخر ہونے کی تصدیق کردی جبکہ یہ دورہ طے تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ یمن میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور اُن کے بحفاظت انخلاءکو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم ہاﺅس میں اجلاس طلب کرکے وزیردفاع و مشیر خارجہ کا دورہ موخر کردیاگیاہے اور اجلاس کے دوران تفصیلی مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔
ذرائع کاکہناتھاکہ صنعاءمیں ایک ہزار سے کم جبکہ مجموعی طورپر یمن میں تین ہزار پاکستانی شہری موجود ہیں ۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق گذشتہ روز دفتر خارجہ کی ترجمان نے سفارتخانہ بند کرکے پاکستانیوں کے انخلاءکی مخالفت کردی ، دفترخارجہ کا موقف تھا کہ پاکستان کو اپنی افواج نہیں بھیجنی چاہیں ،اس سے پاکستانی شہریوں پر حملوں کا خدشہ بڑھ جائے گاجبکہ ماضی میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی منظوری سے افواج بھیجی ہیں ۔