دنیا کی بہترین نوکری، جس میں آپ کو پوری دنیا کی سیر کا موقع ملے گا اور ساتھ 10لاکھ روپے مہینہ تنخواہ بھی، بس شرط یہ ہے کہ۔۔۔۔
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا گھومنے کا شوق سبھی کو ہوتا ہے مگر اس شوق کے اخراجات برداشت کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔لیکن اب ایک موقع ایسا ہے کہ آپ نہ صرف اپنا یہ شوق پورا کر سکتے ہیں بلکہ 10لاکھ روپیہ مہینہ کما بھی سکتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے ایک شرط ہے۔ انڈیاٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشکش ایک کمپنی کی طرف سے کی گئی ہے جسے ایسے افراد کی تلاش ہے جو دنیا کے مختلف ممالک کی سیاحت کریں۔ لیکن کمپنی کی طرف سے شرط عائد کی گئی ہے کہ ان افراد کو اپنے سفر کی روداد ’بلاگ‘ کی صورت میں ضبطِ تحریر میں لانی ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمپنی لگژری ویکیشن ہوم رینٹل سروس ’تھرڈ ہوم‘ ہے۔ کمپنی نوکری کے لیے درخواست دینے والے افراد کی تحریری مہارت دیکھے گی اور بین الاقوامی سفر میں ان کا تجربہ بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کو کمپنی اپنے خرچ پر مختلف ممالک بھیجے گی جہاں سے انہیں اپنے سفر کے احوال پر مبنی تحاریر لکھ کر کمپنی کو بھیجنی ہوں گی۔کمپنی نوکری کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں کو ماہانہ 10ہزار ڈالر(تقریباٍ 10لاکھ روپے) تنخواہ بھی ادا کرے گی۔کمپنی نے اس نوکری کا اشتہار اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر دیا ہے۔