شاہ سلمان بن عبدالعزیز کاایشیائی ممالک کاتاریخی دورہ (2)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کاایشیائی ممالک کاتاریخی دورہ (2)
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز کاایشیائی ممالک کاتاریخی دورہ (2)

  

اقتصادی پہلو سے ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تبادلے میں صرف گزشتہ سال ہی تقریبا 28 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد سعودی عرب ملائیشیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ۔ توقع ہے کہ ملائیشیا میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔ بیان کے مطابق شاہ سلمان کے دورے میں متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کئے گے، جن میں اہم ترین معاہدہ تیل کے شعبے میں سعودی عرب اور ملائیشیا کی عظیم کمپنیوں آرامکو اور پٹروناس کے درمیان ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعاون سے متعلق مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ سمجھوتے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورے کے دوسرے روز سوموار کو طے پائے ہیں۔ مفاہمت کی پہلی یادداشت تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے سے متعلق ہے اور اس پر سعودی عرب کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر مملکت ابراہیم عبدالعزیز العساف اور ملائیشیا کے وزیر صنعت وتجارت داتو سری مصطفیٰ بن محمد نے دستخط کئے ہیں۔مفاہمت کی دوسری یادداشت روزگار اور انسانی وسائل کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق ہے۔ اس پر سعودی عرب کے وزیر محنت علی بن نصر الغافس اور ملائیشیا کے وفاقی وزیر برائے انسانی وسائل داتو رچرڈ رائٹ جائم نے دستخط کئے ہیں۔دریں اثنا ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا کہ سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس سے تیل مصطفی کرنے کا ایک کارخانہ لگایا جائے گا۔ یہ اس ملک میں کسی بیرونی کمپنی کی جانب سے سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایک ماہ کے طویل غیرملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کوالالمپور پہنچے تھے۔یہ کسی سعودی شاہ کا ایک عشرے سے زیادہ عرصے کے بعد ملائیشیا کا پہلا دورہ ہے۔

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جکارتہ میں انڈونیشی صدر جوکو وِدودو سے آستانہ صدارتی محل میں ملاقات کی اور ان سے دو طرفہ تعلقات ،عالم اسلام کو درپیش مسائل اور اہم عالمی امور کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے انڈونیشیا اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ ملاقات میں سعودی عرب کے اسلامی امور ،دعوت وارشاد کے وزیر شیخ صالح بن عبدالعزیز آل الشیخ،وزیر مملکت ابراہیم بن عبدالعزیز العساف اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ رتنو لیستری پری انصاری مرسودی بھی موجود تھے۔سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اپنے ایشیائی ملکوں کے دورے کے اگلے مرحلے میں جاپان پہنچے۔ دارالحکومت ٹوکیو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خادم الحرمین الشریفین اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کے خیرمقدم کے لئے جاپانی ولی عہد شہزادہ نیروہیٹو ، سعودی سفیر احمد یونس البراک ،دوسرا سفارتی عملہ اور اعلیٰ عہدیدارموجود تھے۔سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دہشت گردی کو قوموں کی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور فلسطینی تنازع ،شامی اور یمنی بحرانوں سمیت مشرقِ وسطیٰ میں درپیش تمام ایشوز کے حل کے لئے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ شاہ سلمان ٹوکیو میں سوموار کے روز جاپانی وزیراعظم شینزو ایبی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ’’ ان بحرانوں نے خطے (مشرقِ وسطیٰ) کے استحکام اور ترقی پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔یہ بین الاقوامی تجارت کی بڑھوتری میں حائل ہوئے ہیں اور انہوں نے دنیا میں توانائی کی بہم رسانی کے لئے خطرات پیدا کردیئے ہیں‘‘۔۔۔ خادم الحرمین الشریفین نے کہا کہ ’’ دہشت گردی قوموں اور عوام کی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑے شراکت دار ہیں اور اس جنگ میں بین الاقوامی کوششوں کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے‘‘۔۔۔ انہوں نے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے،رواداری اور برداشت کو فروغ دینے اور لوگوں کے درمیان پْرامن بقائے باہمی کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔

جاپان سعودی عرب کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ سعودی مملکت جاپان کو اس کی تیل کی درآمدات کا 35 فی صد سے زیادہ فراہم کرتی ہے، جس کی سالانہ مالیت 45.4 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب جاپان سعودی عرب کو سالانہ 7.5 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ سعودی فرماں روا کے دورے کے موقع پر مفاہمت کی مختلف یادداشتوں اور دوطرفہ تعاون کے پروگراموں پر دستخط کئے گے۔ "العربیہ" کے مطابق دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان سعودی،جاپانی مشترکہ ویژن 2030ء پر عمل درآمد سے متعلق تعاون کی یادداشت ، صنعتی انقلاب کے شعبے میں کنگ عبدالعزیز سٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جاپانی وزارت برائے صنعت ، معیشت اور تجارت کے درمیان تعاون کی یادداشت کے علاوہ آٹھ یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ ان میں طبی نگہداشت ، سماجی ترقی اور واٹر ڈیسیلینیشن کے شعبوں سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔ جاپانی ذرائع ابلاغ سعودی فرماں روا کے ٹوکیو کے دورے کو تعلقات کی مضبوطی کے لئے ایک نادر موقع قرار دے رہے ہیں۔

توقع ہے کہ دورے میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے انسداد کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ ویژن 2030ء کے اہداف کو یقینی بنانے کے لئے اقتصادی ، ثقافتی اور تفریحی شعبوں پر بھی بات چیت ہوگی اور سعودی جاپانی سرمایہ کاری اور سعودی جاپانی ویژن 2030ء کے سلسلے میں ایک فورم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جاپانی وزیراعظم نے گذشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کے ویژن 2030ء منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے، اس حوالے سے شراکت داری کے شعبوں کو جاننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ گزشتہ برس سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹوکیو کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی سات یادداشتوں کے علاوہ نجی شعبے میں کئی سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے تھے۔(ختم شد)

مزید :

کالم -