مرغی کی قیمت میں اضافہ ٗ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر نے لگیں
اسلام آباد (این این آئی) ملک بھر میں مرغی کی قیمت میں اچانک اضافہ ہو گیا جبکہ کراچی، لاہور اور پشاور میں سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے اتوار بازاروں اور عام مارکیٹ میں سبزیوں، پھلوں اور مرغی کی قیمتوں کو پَر لگ گئے ۔اتوار بازاروں میں ٹماٹر نایاب ہوگئے،سبز اور کچا ٹماٹر 100روپے کلو تک بکنے لگا ۔اتوار بازارانتظامیہ کے مطابق100روپے کلو کچا ٹماٹر سبسڈی پر دیا جا رہا ہے، ایک گاہک کو ایک کلو سے زائد ٹماٹر نہیں دیا جا رہا ۔لاہورکی عام مارکیٹ میں ٹماٹر 100 سے 175روپے کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ لہسن 90 روپے، ادرک 85روپے،بھنڈی 120روپے،کریلا 160 روپے کلومیں بیچا جارہا ہے۔کراچی میں بھی مرغی کی قیمت کو پر لگ گئے۔چکن 350 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ٹماٹر 100 سے 120 روپے فی کلوہوگیا ٗ بھنڈی کی قیمت 100 روپے فی کلو تک جاپہنچی ۔پشاور میں مرغی کی قیمت 191 روپے فی کلو تک جا پہنچی ٗبھنڈی 120 روپے فی کلو اورٹماٹر 150 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زندہ مرغی 180سے 200روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی جبکہ ٹماٹر بھی 120سے 150روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا ۔