وزیر صحت کی سربراہی میں وفد ترکی کے طبی میلے میں شرکت کریگا
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق آئندہ ہفتہ 5 رکنی وفد کے ہمراہ ترکی میں ہونے والے ایکسپومیڈیکل یوریشیا فیئر میں شرکت کریں گے ۔ صوبائی وزیر اپنے وفد کے ہمراہ ترکی کے یزگٹ سٹی ہسپتال کا بھی دورہ کریں گے ۔ پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز کو بہتر بنانے اور عملے کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے ترکی کے شہر ازمیر (Izmir)میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بارے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیاگیاہے یہ ورکشاپ 9 اپریل سے شروع ہوگی جس میں محکمہ صحت پنجاب کے ہیلتھ پرسنالز حصہ لیں گے ۔ یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ترکی اور محکمہ صحت پنجاب کے قریبی تعاون کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب میں 18 مار چ سے 26مارچ تک ترک پاک ہیلتھ ویک کا اہتمام کیاگیا جس میں ڈاکٹر اونر گنر (Oner Gunar)، ڈائریکٹر جنرل یورپی یونین اینڈ فارن افیئر نے بھی شرکت کی ۔ اس ہیلتھ ویک کے دوران ترکی کے ڈاکٹرز نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ او ر نشتر ہسپتال ملتان میںآرتھوپیڈک ، یورالوجی ، نیوناٹولوجی ، انفیکشن ڈیزیز ، ریڈیویالوجی ، جنرل اینتھسزیاپیڈیاٹرک سرجری اور گائناکالوجی میں تشخیص علاج اور سرجری میں پرفام کیا ۔ ترکی کے ڈاکٹرز نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کی جانب سے خصوصی دعوت پریوم پاکستان کی تقریب میں شرکت بھی کی۔ نجم احمد شاہ نے مزید بتایاکہ اس وقت صوبہ پنجاب سے 13 فیلڈ کوآرڈینیٹرزترکی میں فیلڈ کوآرڈینیشن سسٹم کے بارے میں تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ صوبہ پنجاب کا یہ وفد کونیا(Konya)،باکھیسر (Bakhesir) اور ازمیر کے صوبوں کا دورہ کررہاہے ۔ یہ وفد ڈاکٹر رجب اکدگ(Recep Akdag)کے ساتھ پراونشل ایولیویشن کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا ۔ سیکرٹری ہیلتھ نے مزید بتایاکہ نرسوں کو جدید خطوط پر تربیت کے لئے ترکی بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے او رسلسلے میں نرسرز کا 20 رکنی گروپ ڈیڑھ ماہ کی تربیت کے لئے انقرہ روانہ کیاجارہاہے ۔