شہباز شریف نے بنیادی مراکز صحت کے لئے الٹراساؤنڈ مشینیں خریدنے کی منظوری دیدی

شہباز شریف نے بنیادی مراکز صحت کے لئے الٹراساؤنڈ مشینیں خریدنے کی منظوری ...

  

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اتوار کی تعطیل کے باوجود تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری و جدید سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کے حوالے کئے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتیں ملنا اس کا حق ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تربنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے تا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی وہی سہولتیں میسر آئیں جو اشرافیہ کو میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے پہلے ہیٹا ٹائٹس فلٹر کلینک پر مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع ہو چکی ہے اور اسی طرز پرہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس دیگرشہروں میں بھی بنائے جائیں گے جہاں ہیپاٹائٹس کی تشخیص اور علاج معالجہ کے ساتھ ویکسینیشن کی سہولت بھی ہو گی۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ دیگر شہروں میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کے حوالے سے تجاویزکو جلد حتمی شکل دے کر فائنل پلان پیش کیا جائے تا کہ اس اہم پروگرام پر جلد سے جلد کام شروع کیا جا سکے۔ اجلاس کے دوران پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کیلئے الٹرا ساؤنڈ مشینیں خریدنے کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت میں الٹراساؤنڈ مشینیں مہیا کی جائیں گی اورالٹراساؤنڈ مشینیں چلانے کیلئے لیڈی ہیلتھ وزٹرز کو تربیت دی جائے گی جبکہ الٹراساؤنڈ مشینوں کی فراہمی سے بنیادی مراکز صحت پرطبی سہولتوں میں بہتری آئے گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت پر الٹراساؤنڈ کی سہولت 24 گھنٹے فراہم ہونی چاہیے صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا، مشیر عمر سیف ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔دوسری طرف شہباز شریف سے ترکی کی وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت ترکی کے محکمہ بین الاقوامی صحت پالیسزکے مینجنگ ڈائریکٹر سلامی کیلک کر رہے تھے ۔ترک وفدنے یوم پاکستان کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اورہم نے یوم پاکستان کی خوشیوں کو ہفتہ صحت کے طور پر منایا ہے اور ہمیں پاکستان میں اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کر کے حقیقی خوشی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اوراس ہسپتال میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ترک وفد نے کہا کہ ہماری ٹیم شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اورپاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔وزیر اعلی محمدشہباز شریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی محبت اور بھائی چارے کے تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اوردونوں ملکو ں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔نہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانا ہمارا مشن ہے اور دوست ملک ترکی کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں تعاون پر ان کے مشکور ہیں ۔ ترکی کی وزارت صحت کے ماہر ڈاکٹر حسن کاگل(Dr. Hasan Cagil) اور دیگر نامور ڈاکٹرز وفد میں شامل تھے۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا ، مشیرڈاکٹر عمر سیف ،چیف سیکرٹری ، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہباز شریف نے راولپنڈی کے علاقے قائد اعظم کالونی چکری روڈ پر ڈور پھرنے سے چارسالہ بچی کے جا ں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ وزیر اعلی نے جاں بحق بچی کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیاہے ۔ وزیر اعلی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد نہ کرانے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی خلیل بھٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد نہ کرانا انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -