مقبوضہ کشمیر قابض بھارتی فوج نے2نوجوانوں کو شہید کردیا ، احتجاجی مظاہرے پولیس سے جھڑپیں
سرینگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی پولیس اور فوج نے ظالمانہ کاروائیو ں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاجس کے بعد علاقے میں لوگ مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا،مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں اس دوران پولیس اور پیراملٹری فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس پھینکی،حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کی کارروائیوں سے کشمیریوں کو انکے حق خود اردیت کے حصول سے نہیں روک سکتا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی پولیس اور فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیر نوجوانوں رئیس احمد وانی اور فاروق احمد ہرا کو شہید کردیا۔رئیس احمد وانی اور فاروق احمد شوپیاں اور پلوامہ ڈسٹرکٹ کے رہائشی تھے۔ دونوں نوجوانوں کی شہادت کے بعد مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق مشتعل افراد اوانتی پورہ پولیس سٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اورنعش کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔شیلنگ کے نتیجے میں لوگ اور مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فورسز پر پتھرا شروع کردیا اور پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ شروع ہوگئی۔بعد ازاں دونوں نوجوانوں کی نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کی کارروائیوں سے کشمیریوں کو انکے حق خود اردیت کے حصول سے نہیں روک سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ سمیت حریت رہنماؤں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرفروشوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔ انھوں نے پوری وادی میں بھارتی پولیس اہلکاروں کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا ۔خیال رہے کہ 8 جولائی 2016 کو مقبوضہ کشمیر میں اسی طرح کے ایک آپریشن میں بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کو شہید کردیا تھا جس کے بعد کشمیر بھر میں پرتشدد مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔بھارتی فورسز نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید اور سینکڑوں بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر