حزب اللہ کی معاون مالی سلطنت کا مالک امریکا میں گرفتار
رباط(این این آئی)حزب اللہ کی معاون مالی سلطنت کا مالک تاج الدین امریکا میں گرفتارکرلیاگیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکش میں لبنانی شہری قاسم تاج الدین کو حراست میں لیے جانے کے معاملے کے بعد امریکی عدالت نے اْسے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کا اہم مالی شریک قرار دیاہے۔تاج الدین کو جمہوریہ گِنی کے دارالحکومت کوناکری سے بیروت آتے ہوئے 12 مارچ کو مراکش کے شہر الدار البیضاء کے ہوئی اڈے پر حراست میں لیا گیا۔ اس اقدام کا حکم نامہ واشنگٹن میں بین الاقوامی پولیس کے بیورو کی جانب سے جاری ہوا تھا۔ بیورو کی جانب سے تاج الدین پر جعل سازی ، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی رقوم کی فراہمی کا الزام عائد کیا۔
تاج الدین کو دہشت گردوں کی امریکی بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کے تقریبا آٹھ برس بعد واشنگٹن کی وفاقی عدالت نے اْس پر الزامات عائد کیے۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ تاج الدین اربوں ڈالروں کی ایک عالمی سلطنت کو چلا رہا ہے جو مشرق وسطی اور افریقہ میں کاروبار کر رہی ہے ۔دوسری جانب امریکی وزارت انصاف نے واضح کیا کہ امریکا پہنچنے والے تاج الدین کی گرفتاری انسداد منشیات کے زیر قیادت کسٹم اور سرحدی انتظامیہ کے تعاون سے دو برس تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی ۔امریکی نائب وزیر انصاف کینیتھ بلینکو نے ایک بیان میں واضح کیا کہ حزب اللہ جیسی بڑی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم کو مالی سپورٹ کی وجہ سے امریکی انتظامیہ نے 2009 میں قاسم تاج الدین پر پابندیاں عائد کر کے امریکیوں اور امریکی کمپنیوں کے ساتھ اس کے معاملات کو ممنوع قرار دیا تھا۔دوسری جانب 62 سالہ تاج الدین نے اپنی ضمانت کی ادائیگی کر دی ہے تاہم عدالت نے واضح کیا کہ اگلی سماعت کے انعقاد تک اس کی حراست جاری رہے گی۔ لبنانی تاجر کے وکیل کی جانب سے دیے گئے جواب میں باور کرایا گیا ہے کہ تاج الدین کے دہشت گرد سرگرمیوں سے تعلق کے حوالے سے تمام تر دعوے جھوٹے ہیں۔