وزیراعظم کا مینڈیٹ جعلی ہے کرپشن کا حساب دیں :شرجیل میمن

وزیراعظم کا مینڈیٹ جعلی ہے کرپشن کا حساب دیں :شرجیل میمن

 حیدرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وفاقی حکومت پر الزامات کی بارش کر دی، انکا کہنا تھا جعلی مینڈیٹ والے وزیر اعظم سی پیک سی پیک کرتے ہیں، چودھری نثار میں اگر ہمت ہے تو نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالیں، آصف زرداری اگر 58 ٹو بی کو ختم نہ کرتے تو صدر ممنون حسین کب کی نواز حکومت گھر بھجوا چکے ہوتے ۔ گزشتہ روزحیدر آباد میں جلسے سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا پیک کے خالق زرداری ہیں لیکن جعلی مینڈیٹ والے وزیر اعظم جگہ جگہ سی پیک سی پیک کرتے ہیں۔ اگر آصف زرداری 58 ٹو بی ختم نہ کرتے تو صدر ممنون حسین آپ کو گھر بھیج دیتے۔ میاں صاحب! آپ ہر تقریر میں موٹر وے موٹروے کرتے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے پیلی ٹیکسی، سستی روٹی اور لیپ ٹاپ سکیم کے نام پر کتنا مال بنایا؟ جب آپ کی باری آئی تو آپ نیب کو دھمکیاں دینے لگ گئے ہیں۔ شرجیل نے چودھری نثار کو بھی خطاب میں آڑے ہاتھوں لیا، بولے ہمت ہے تو وزیر اعظم اور انکے درباریوں کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال کر دکھائیں، چودھری نثار کی پریس کانفرنس دیکھ کر لگتا ہے شاید سچ بول رہے ہیں لیکن جب دہشتگردی کا واقعہ ہوتا ہے تو نظر نہیں آتے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ڈاکے چوریاں نہیں چھپنے دیں گے، سب واپس لیں گے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر شرجیل میمن کو 10 لاکھ مالیت کاسونے کا تاج پہنایا گیا۔

مزید : علاقائی