عوام کے تحفظ کیلئے جان نچھاور کرنیوالے شہداء وطن کے عظیم ہیرو ہیں :مشتاق سکھیرا

عوام کے تحفظ کیلئے جان نچھاور کرنیوالے شہداء وطن کے عظیم ہیرو ہیں :مشتاق ...

  

لاہور(خبر نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ محکوم ، کمزور اور بے سہارا شہریوں کی عزت ، جان ومال ا ور آبرو کا تحفظ پولیس کا حقیقی مشن ہے اور اس عظیم ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لئے قانون کی بالادستی اور میرٹ پر سختی سے عملدرآمد بنیادی تقاضے ہیں۔قوم کے تحفظ کے لئے جان نچھاور کرنے والے شہداء مادر وطن کے عظیم ہیرو ہیں جن کے ورثا کے لئے حکومت نے خصوصی شہداء فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کی شہادت پر مجموعی طور پر 2کروڑ 35لاکھ روپے کی مالی اعانت کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پولیس لائن بہاول پور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور محمد ادریس احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خاں ذیشان اصغر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ایس ڈی پی اوز ، انسپکٹرزاور پولیس کے اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت پولیس کے افسران واہلکاران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئین کی بالادستی اور قانون پر عملدرآمد کے لئے پولیس خدمات سرانجام دیتی ہے تاہم جدید اور متمدن معاشروں میں پولیس نہ صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرتی ہے بلکہ غریب، مظلوم ،بے سہارا افراد کے سماجی مسائل کے حل کے لئے بھی اپنی خدمات سرانجام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم افراد کے تحفظ اوربے بس شہریوں کی خدمت کے ذریعے پولیس حقوق العباد کی انجام دہی کا اہم فرض بھی ادا کرتی ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں سے احسن طریقہ سے عہدہ براں ہونے کے لئے پنجاب پولیس کے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کیا گیا ہے اورجنوبی ایشیا میں پنجاب پولیس واحد پولیس ہے جسے مکمل طور پر کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے مزید موثر اور فعال بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب پولیس کو جدید سہولیات فراہم کر کے سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے پولیس کی استعداد کار میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور جوانوں کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنزمیں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کے لئے پولیس ویلفیئر فنڈ، پنشن، وردی اور دیگر سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں تقریباً ایک لاکھ 26ہزار کانسٹیبلزاپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کی میرٹ پرپرموشن کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کی بیوہ کی ماہانہ امداد ڈھائی ہزار روپے سے بڑھا کر 6ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کے لئے خصوصی وظیفہ ایک ہزار روپے ماہانہ بھی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ریجن میں پنجاب پولیس کے لوکیٹر کی سہولت کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے آئی جی آفس کا دورہ کیااور پولیس کی بڑھتی ہوئی پروفیشنل ڈلیورنس اور استعداد کار کا اعتراف کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خاں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان ذیشان اصغر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے یادگارے شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزید :

علاقائی -