شمالی کوریا ایرانی میزائل پروگرام میں مدد کررہا ہے، قومی مزاحمتی کونسل کا الزام

شمالی کوریا ایرانی میزائل پروگرام میں مدد کررہا ہے، قومی مزاحمتی کونسل کا ...

  

پیرس(این این آئی )ایران میں ولایت فقیہ کے نظام کی مخالفت میں پیش پیش قومی مزاحمتی کونسل نے امریکا کی طرف سے ایرانی میزائل پروگرام میں معاونت کرنے والے 30 اداروں اور شخصیات پر اقتصادی پابندیوں کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے العرب میزائل پروگرام کو اپ گریڈ کرنے میں شمالی کوریا ایران کی مدد کررہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اپوزیشن جماعت مجاھدین خلق کی قائم کردہ قومی مزاحمتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کچھ عرصہ پیشتر شمالی کوریا نے اپنی سائنسدان ایرانی میزائل پروگرام کی تجدید کے لیے تہران بھیجے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میزائل پروگرام میں معاونت کی پاداش میں 30 شخصیات اور اداروں پر پابندیوں کا امریکی فیصلہ قابل تحسین ہے۔ ایرانی حکومت کے ہاں اسلحہ کی تیاری، جدید ترین میزائل اور دیگر ہتھیار بنانے کا مقصد خطے میں بدامنی کو ہوا دینے کے سوا کچھ نہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ایرانی حکومت کے تمام نمائندہ اداروں اور پاسداران انقلاب کو بھی دہشت گرد اداروں میں شامل کرتے ہوئے ان پر اقتصادی پابندیاں عاید کی جائیں۔اپوزیشن کی طرف سے پیرس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایران کا میزائل پروگرام اس کے متنازع جوہری پروگرام ہی کا حصہ ہے جسے براہ راست ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے جدید ترین جنگی ہتھیاروں کی تیاری اور ان کے حصول کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -