واشنگٹن ٹرمپ کی سوچ سے زیادہ ٹوٹ چکا ہے : بجٹ ڈائریکٹر

واشنگٹن ٹرمپ کی سوچ سے زیادہ ٹوٹ چکا ہے : بجٹ ڈائریکٹر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) وائٹ ہاؤس کی مالیاتی ٹیم کے سربراہ بجٹ ڈائریکٹر مک ملوانی کا کہنا ہے کہ واشنگٹن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ سے زیادہ ٹوٹ چکا ہے۔ انہوں نے ’’این بی سی نیوز‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ کے غیر مقبول ہیلتھ کیئر پروگرام والے بل کو منظور کرانے میں ناکامی پر اس ردعمل کا اظہار کیا۔ وائٹ ہاؤس کی ٹیم کے ایک اہم رکن کا اپنی ہی انتظامیہ پر منفی تبصرہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ مینجمنٹ اینڈ بجٹ کے آفس ڈائریکٹر نے ری پبلکن پارٹی کی حکومت کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھایا ہے۔ مسٹر ملوانی وائٹ ہاؤس میں نئی ذمہ داری قبول کرنے سے پہلے ساؤتھ کیرولینا کی کانگریس میں نمائندگی کرتے تھے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید ری پبلکن پارٹی کے ارکان کانگریس میں قانون سازی کے پیچیدہ عمل کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ یاد رہے کہ کانگریس کے اندر ری پبلکن پارٹی کے ارکان کا ایک گروپ ’’فریڈم کاکس‘‘ کے نام سے قائم ہے جو مختلف پالیسی امور پر جائزہ لے کر آزادانہ فیصلے کرتا ہے اور وائٹ ہاؤس کے موجودہ بجٹ ڈائریکٹر بھی اس کے بانی رکن رہ چکے ہیں۔ مسٹر ملوانی کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آئی کہ اس کاکس میں ان کے سابق ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کرکے انہیں بل کی حمایت کے لئے آمادہ کیوں نہیں کیا جاسکا۔ بجٹ ڈائریکٹر سے سوال کیا گیا کہ اس وقت ری پبلکن پارٹی کا اپنا صدر ہے اور اس کی کانگریس کے دونوں ایوانوں سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں اکثریت ہے تو پھر وہ اپنا بل کیوں منظور نہیں کراسکی۔ مسٹر ملوانی نے الٹا سوال کر دیا کہ ’’کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ری پبلکن پارٹی حکومت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ؟ تاہم وائٹ ہاؤس میں بیٹھا شخص (ٹرمپ) یہ صلاحیت رکھتا ہے اور میں نے پچھلے ہفتے اس کا مشاہدہ کرلیا ہے۔

مزید :

علاقائی -