ناقص پالیسی سے سکولوں کے سربراہان کی خالی آسامیاں پر نہ ہوسکیں، رشید بھٹی

ناقص پالیسی سے سکولوں کے سربراہان کی خالی آسامیاں پر نہ ہوسکیں، رشید بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( خبر نگار) ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدررشید احمد بھٹی ،سیکریٹری جنرل سردار سکندر حیات سسرانا ،چوہدری سکندر ذوالقرنین ،رانا محمد ساجد،محمد فیاض وڑائچ ،محمد جمشید کمبوہ ،محمد فیاض راجہ،سید حیدر علی کاظمی ،ملک عبدالمالک سمیت دیگر راہنماؤں نے کہاہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب نے (پنجاب کا ہر بچہ سکول میں لگے اچھا) نئی داخلہ مہم کا آغاز توکیا ہے مگر مردانہ زنانہ سکولوں کے ہیڈز کی خالی پڑی ہزاروں پوسٹوں کو پُر نہیں کیاہے جس سے سکولوں کی داخلہ مہم بُری طرح متاثر ہو گی۔محکمہ تعلیم سکولز کی ناقص پالیسی اور بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سکولوں کے سربراہان کی کچھ خالی آسامیوں کوسیکنڈری سکول ٹیچرز اور کُچھ کو سبجیکٹ سپیشلسٹس سے پُر کر دیا گیا ہے جس سے ایک طرف پہلے سے داخل طلباء کی پڑھائی متاثر اور دوسری طرف ان سروس پروموشن کے دروازے بھی بند ہو چُکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نوٹس لیں۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 125مرد اور120خواتین کو نا معلوم وجوہات کی بنا پرعرصہ چھ ماہ سے تعیناتی کی بجائے پریشان کیا جارہا ہے ۔نئے ہیڈز کی بروقت تعیناتی نہ کرنے سے بھی داخلہ مہم بُری طرح متاثر ہو گی ۔ہم وزیر اعلٰی،چیف سیکریٹری، وزیرتعلیم اور سیکریٹری سکولز پنجاب سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ چھ ماہ سے تعیناتی کے مُنتظر پریشان مردوخواتین ہیڈز کو بلا تاخیر سالہا سال سے خالی پڑی ہوئی پوسٹوں پر تعینات کیا جائے تاکہ ایک طرف نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کی بھر پُور انداز میں تیاری اور دوسری طرف وزیر اعلٰی پنجاب کی طرف سے سکولوں میں نہ آنے والے بچوں کو لانے کے لیئے شروع کی گئی داخلہ مہم کو بھر پُور انداز میں کامیاب بنایاجاسکے۔