بھارت کے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 248 رنز،نیتھن کی 4وکٹیں
دھرم شالا(اے پی پی) بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دھرم شالا میں جاری سیریز چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا لئے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 52 رنز درکار ہیں، لوکیش راہول اور چیتشوار پجارا نے نصف سنچریاں بنائیں، وردھیمن ساہا 10 اور روندرا جدیجا 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیتھن لائن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے 21 کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب مرلی وجے 11 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، لوکیش راہول اور چیتشوار پجارا کے مابین 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی، راہول دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 60 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، 157 کے مجموعی سکور پر بھارت کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب پجارا 57 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کا نشانہ بن گئے، کرن نائر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اجنکیا راہانے اور ایشون نے پانچویں وکٹ میں 49 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 216 تک پہنچا دیا، راہانے 46 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کا شکار بن گئے، ایشون کو بھی لائن نے 30 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
، اس کے بعد وردھیمن ساہا اور روندرا جدیجا نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔
اور ٹیم کا سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 تک پہنچا دیا، ساہا 10 اور جدیجا 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، نیتھن لائن نے چار جبکہ ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔