فیکٹری ایریا ،قتل اور سنگین جرائم میں ملوث 2ڈاکوپولیس مقابلہ میں ہلاک

فیکٹری ایریا ،قتل اور سنگین جرائم میں ملوث 2ڈاکوپولیس مقابلہ میں ہلاک

  

لاہور(خبر نگار) فیکٹری ایریا کے علاقہ محمد علی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوانچارج انویسٹی گیشن خالد ورک اور ایس ایچ او شاد باغ تجمل بٹ سمیت چار پولیس اہلکاروں کے قتل اورڈکیتی ،قتل سمیت ایک درجن سے زائدمقدمات میں ملوث تھے۔تفصیلات کے مطابق سی آئی اے کاہنہ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ محمد علی کالونی میں سنگین جرائم میں ملوث 2ڈاکو ایک گھر میں چھپے ہوئے ہیں جس پر ایس پی سی آئی اے طارق مستوئی نے ریڈنگ پارٹی کو مشتبہ جگہ پر چھاپہ مارکر ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کاہنہ پولیس کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے محمد علی کالونی کے ایک گھر پر ریڈ کیا جہاں ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس اہلکاروں نے پوزیشن لے کر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کا سلسلہ 15منٹ تک جاری رہا۔ڈاکوؤں کی شناخت عامرشہزاد عرف عامری اور رمضان عرف جانی کے ناموں سے ہوئی۔ملزم عامرشہزاد انچارج انویسٹی گیشن کاہنہ سب انسپکٹر خالد ورک،کانسٹیبل رحمت علی اور ایس ایچ او شادباغ انسپکٹر تجمل بٹ کے قتل میں بھی ملوث تھا۔پولیس نے ڈاکوؤں کی لاشیں مردہ خانہ میں جمع کرواکر مزید تفتیش شروع کردی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کا تعلق پتوکی قصور سے بتایا گیا ہے ،ملزمان نے تین دن قبل قصور میں ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو مبینہ مقابلہ کے دوران ہلاک کیا تھا اور گزشتہ تین روز سے محمد علی کالونی میں ایک گھر میں روپوش تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -