بار انتخابات میں کامیابی اے این پی کی مثبت اور حق و صداقات پر مبنی پالیسیوں کی فتح ہے :اسفند یار ولی

بار انتخابات میں کامیابی اے این پی کی مثبت اور حق و صداقات پر مبنی پالیسیوں ...

پشاور (سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پشاور سمیت تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ بار انتخابات میں ملگری وکیلان کے پینلز اور عہدیداروں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ منتخب ہونے والوں پر وکلاء برادری نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وکلاء برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ،پشاور بار کیلئے ملگری وکیلان کے نو منتخب صدر فضل واحد کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملگری وکیلان کی کامیابی دراصل اے این پی کی کامیاب ، مثبت اور حق و صداقت پر مبنی پالیسیوں کی فتح ہے ، دریں اثناء انہوں نے نوشہرہ ، دیر، بونیر اور تخت بھائی سمیت دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان کے امیدواروں کی کامیابی پرانتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب صدور اور ان کی تمام کابینہ کو عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدور اور ان کی کابینہ وکلاء برادری کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے ،انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے اپنی مشکلات کے ازالے اور مسائل کے حل کیلئے انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے تاہم اب یہ ان کی اولیں ترجیح ہونی چاہئے کہ اُن کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جائے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور پہلے سے بھی بہتر انداز میں انجام دے سکیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلاتفریق قانون کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کے لئے جدوجہد کرنے والا یہ طبقہ حق ، سچ اور انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول