میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کا آپریشن ‘ بوستان پارک کا قبضہ واگزار

میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کا آپریشن ‘ بوستان پارک کا قبضہ واگزار

رحیم یارخان (بیورورپورٹ)ریلوے چوک سے متصل ’’بوستان پارک‘‘ کے نام سے میونسپل کمیٹی کی قیمتی کمرشل اراضی کا قبضہ واگذار کرالیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق عمران گل اور عرفان گل نامی افراد نے چند سال قبل نیلام عام کے ذریعے ریلوے چوک سے متصل بوستان پارک کی جگہ کرائے(بقیہ نمبر55صفحہ7پر )

پر حاصل کی۔ تاہم بعدازاں کنٹریکٹرز نے خلاف معاہدہ اراضی پر تعمیرات کرکے اسے اوپن ائیر کی بجائے ریسٹورنٹ میں تبدیل کرلیا۔ کنٹریکٹرز کے ذمے موجودہ ریکارڈ کے مطابق کرائے کی مد میں کم وبیش 28 لاکھ روپے بھی واجب الادا تھے۔ میونسپل کمیٹی کی جانب سے متعدد بار نوٹس ملنے کے باوجود کنٹریکٹرز نے بوستان پارک کا قبضہ نہ چھوڑا جس کے بعد مقامی عدالت میں کنٹریکٹرز اور میونسپل کمیٹی کے مابین یہ کیس زیر سماعت رہا۔ 24مارچ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رحیم یارخان کی عدالت نے میونسپل کمیٹی کے وکلاء کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کے حق میں جاری حکم امتناعی خارج کردیا جس کے بعد لیگل ایڈوائزر کی رپورٹ اور ایڈوائس پر گذشتہ روز میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر میاں مظہر رشید‘ انچارج انٹی انکروچمنٹ سیل لینڈ برانچ سرور ثانی کی قیادت میں بلدیہ کے عملہ نے لفٹرز اور بھاری مشینری کی مدد سے بوستان پارک کے احاطہ میں غیر قانونی پختہ تعمیرات مسمار کردیں اور کنٹریکٹرز کو بیدخل کرکے کمرشل اراضی کا قبضہ واگذار کرالیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین میاں اعجازعامر نے بھی بوستان پارک کا قبضہ واگذار کرائے جانے کیلئے کئے گئے آپریشن کی خود نگرانی بھی کی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر