قوم کے تحفظ کیلئے جان نچھاور کرونیوالے شہدا مادروطن کے عظیم ہیرو ہیں: آئی جی پنجاب پولیس

قوم کے تحفظ کیلئے جان نچھاور کرونیوالے شہدا مادروطن کے عظیم ہیرو ہیں: آئی جی ...

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ محکوم ، کمزور اور بے سہارا شہریوں کی عزت ومال، جان وآبرو کا تحفظ پولیس کا حقیقی مشن ہے اور اس عظیم ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لئے قانون کی بالادستی اور میرٹ پر سختی سے عملدرآمد بنیادی تقاضے ہیں۔قوم کے تحفظ کے لئے جان نچھاور کرنے والے شہداء مادر وطن کے عظیم ہیرو ہیں جن کے ورثا کے لئے حکومت نے خصوصی شہداء فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت کانسٹیبل اور ہیڈکانسٹیبل کی شہادت پر مجموعی طور پر 2کروڑ 35لاکھ روپے کی مالی اعانت کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پولیس لائن بہاول پور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور محمد ادریس احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خاں ذیشان اصغر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ایس ڈی پی اوز ، انسپکٹرزاور پولیس کے اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت پولیس کے افسران واہلکاران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئین کی بالادستی اور قانون پر عملدرآمد کے لئے پولیس خدمات سرانجام دیتی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جدید اور متمدن معاشروں میں پولیس نہ صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرتی ہے بلکہ غریب، مظلوم ،بے سہارا افراد کے سماجی مسائل کے حل کے لئے بھی اپنی خدمات سرانجام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم افراد کو تحفظ اور مشکلات میں گھرے بے بس شہریوں کی خدمت کے ذریعہ پولیس حقوق العباد کی انجام دہی کا اہم فرض بھی ادا کرتی ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ عصر جدید کے تقاضوں سے احسن طریقہ سے عہدابراں ہونے کے لئے پنجاب پولیس کے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کیا گیا ہے اورجنوبی ایشیا میں پنجاب پولیس واحد پولیس ہے جسے مکمل طور پر کمپیوٹرائزیشن کے عمل کے ذریعہ مزید موثر اور فعال بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پنجاب پولیس کو جدید سہولیات فراہم کر کے سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجٹلائزیشن، کمپیوٹرائزیشن کے ذریعہ پولیس کی استعداد کار میں بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور جوانوں کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز اور کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کے لئے پولیس ویلفیئر فنڈ، دیگر سہولیات، وردی، پنشن میں بہتری لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں تقریباً ایک لاکھ 26ہزار کانسٹیبل اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کی میرٹ پرپرموشن کے لئے 10فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کی بیوہ کی ماہانہ امداد ڈھائی ہزار روپے سے بڑھا کر 6ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کے لئے خصوصی وظیفہ ایک ہزار روپے ماہانہ بھی دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بیوگان کو دفاتر کے چکروں سے بچانے کے لئے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ رقوم ان کے اکاؤنٹ سے براہ راست نکلوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کی تنخواہ جاری رہے گی جبکہ انہیں 20ہزار روپے ماہانہ مینٹیننس الاؤنس بھی دیا جائے گاقبل ازیں ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس نے تقریب سے خطاب میں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی ملک وقوم کے لئے گراں قدر خدمات اور 35سال کامیاب ملازمت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد سکھیرا نے اپنے اعلیٰ ویژن کے مطابق پولیس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے متعدد پراجیکٹس کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس انفارمیشن سسٹم، ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب اور 8787آئی جی کمپلینٹ سنٹر اور میڈیا کنٹرول روم کا قیام ان کے کارہائے نمایاں ہیں تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اشفاق احمد خاں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان ذیشان اصغر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے یادگارے شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر