مہاجروں سے زیادتی کی ذمہ داری پیپلز پارٹی ہے، خالد حمید

مہاجروں سے زیادتی کی ذمہ داری پیپلز پارٹی ہے، خالد حمید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مہاجرقومی موومنٹ( پاکستان) کے سیکر یٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ مہاجروں میں احساس محرومی میں اضافہ اور انہیں قومی دھارے سے کاٹنے میں بنیادی کردار کوٹہ سسٹم نے ادا کیا ،آج اگر ملک کا سب سے بڑا شہر غیر مستحکم ہے یا پاکستان کے سب سے مضبوط علمی و تہذیبی میراث کے وارث اردو بولنے والے تباہ ہوئے تو اس گناہ کی تمام تر ذمہ داری ذوالفقار علی بھٹو اور پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے تعصب کو بڑھاوا دینے کیلئے کوٹہ سسٹم کا نفاذ کیا اور زندگی کے ہر شعبے سے باصلاحیت مہاجروں کو نکال کر وڈیروں اور جاگیرداروں کے نااہل بیٹوں ،بھائیوں اور رشتہ داروں کو کلیدی عہدوں پر فائز کرکے انہیں لوٹ مار کی کھلی آزادی دی ۔چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دس سال کیلئے نافذ کیا جانیوالے کوٹہ سسٹم کوآج 43سال گذر چکے ہیں ،اس دوران کئی بار ناصرف اسکی مدت بڑھا کر مہاجروں پر شب خون مارا گیا بلکہ اسکی حمایت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ ان لوگوں نے بھی دیا جو مہاجر عوام کی نمائندگی کے دعوے کرتے رہے ۔خالد حمید نے کہا کہ الظاف حسین کے ملک دشمنی پر مبنی خیالات و بیانات کا مہاجر قوم کا کبھی لینا دینا نہیں رہا البتہ ان عوامل کا جائزہ ضرور لیا جانا چاہئے جن کی وجہ سے حالات اس نہج پر آئے اور یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے مسائل بڑھے اور ان مسائل کی ماں کوٹہ سسٹم کا کالا قانون ہے۔خالد حمید نے کہا کہ پچیس سالوں سے شہر میں رینجرز کی موجودگی اور سیکیورٹی کے نام پر ابوں روپے جھونکنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے بلکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے جس کا اندازہ مصنوعی امن کو اپنی کامیابی کہنے والی وفاقی و صوبائی حکومت کو جلد ہوجائے گا ۔دانشمندی اسی میں ہے کہ پانی سر سے اونچا ہونے کا انتظار کرنے کی بجائے مہاجر نوجوانوں پر نوکریوں کے بند دروازے کھولے جائیں اور 60/40کے فارمولے کی بجائے تعلیمی قابلیت و صلاحیتوں کے مطابق نوکریوں اور بیورو کریسی میں مہاجر نوجوانوں کو حصہ دیا جائے ۔