سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کردیا گیا

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کردیا گیا
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کردیا گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) روبکار موصول ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کردیا گیا ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کیلئے ضمانت منظور کی گئی ہے۔ عدالت کے تحریری حکمنامے کے بعد رجسٹرار سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم کی رہائی کیلئے روبکار جاری کیا ۔ سابق وزیر کیڈ اور نواز شریف کے ضمانتی طارق فضل چوہدری خصوصی طیارے کے ذریعے روبکار لے کر لاہور پہنچے ۔ روبکار موصول ہونے کے بعد کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو رہا کردیا۔

سابق وزیر اعظم جیسے ہی جیل سے باہر آئے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا پرجوش نعروں سے استقبال کیا۔ لیگی متوالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جبکہ نواز شریف کارکنوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کو وصول کرنے کیلئے اہلخانہ اور ذاتی سکیورٹی گارڈ آئے جو انہیں لے کر جاتی امرا روانہ ہوگئے۔ 

نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء میں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف بھی جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم جاتی امرا پہنچتے ہی سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے جو دوپہر سے ان کا انتظار کر رہی ہیں۔ 

مزید : قومی /Breaking News /اہم خبریں