شجرکاری مہم ‘ پی ٹی سی ایل اور وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے درمیان معاہدہ

شجرکاری مہم ‘ پی ٹی سی ایل اور وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے درمیان معاہدہ

ملتان ( پ ر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی ،حکومتِ پاکستان نے کلین گرین پاکستان موومنٹ سے تعاون کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ یہ تعاون پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں میں کم رقبے پر پھیلے جنگلات کے احاطے اور صفائی کے ناقص انتظامات جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے مدد گار ہوگا۔اس معاہدے کے تحت، پی ٹی سی ایل اور (بقیہ نمبر35صفحہ12پر )

وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کا آئندہ پانچ سالوں میں پی ٹی سی ایل کی سائٹس پر 200,000 درختوں کی شجر کاری پر اتفاق کیاگیا۔ سید مظہر حسین ، چیف ہیومن ریسورس آفیسر ، پی ٹی سی ایل ، اور بابر حیات تاڑر ، ایڈیشنل سیکرٹری ، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی ، نے معاہدے پر دستخط کئے ، جس کہ بعد پی ٹی سی ایل ہیڈ کواٹر میں پودے بھی لگائے گئے ۔ اس کے علاوہ ، ابتدائی مرحلے میں پی ٹی سی ایل ٹھوس کچرے کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں صفائی کی مہمات شروع کرے گا۔ ابتدائی طور کمپنی اسلام آباد میں پی ٹی سی ایل ہیڈکوارٹر میں ناقابلِ استعمال پلاسٹک پر پابندی عائد کرنے کاارادہ رکھتی ہے ، پی ٹی سی ایل اپنے ملازمین کی صحت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اور ان کے کام کی صلاحیت کو بڑھانے اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لئے صاف پانی کی فراہمی کا بندوبست کرے گی۔ علاوہ ازیں، پی ٹی سی ایل عوام الناس کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن یونٹس بھی نصب کرے گی۔اس موقع پر محترمہ زرتاج گل وزیر، وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی، نے کہا:’’ہم کلین گرین پاکستان موومنٹ کے لئے پی ٹی سی ایل کے ساتھ تعاون پربہت خوش ہیں،اس کا مقصد ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین کو کاغذ ی بلوں کے بجائے eBilling کا انتخاب کرنے کے سلسلے میں وسیع پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی ہے، جو کہ اس مقصد کی جانب ایک درست قدم ہے۔ ایک قوم کے طور پر ہمیں آلودگی اور کم رقبے پر پھیلے جنگلات جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وز یر اعظم عمران خان کے کلین گرین پاکستان وژن کے تحت اس طرح کی شراکت داری ہمارے مقاصد کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔‘‘اس موقع پر، راشد خان، پریزیڈنٹ اور سی ای او ، پی ٹی سی ایل ، نے کہا:’’ایک قومی کمپنی ہونے کے ناطے، کلین گرین پاکستان موومنٹ کے ساتھ تعاون ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور تربیت دینے کے سلسلے میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلیکے ساتھ تعاون پرخوش ہیں۔ ان اقدام کو فروغ دینے کے لئے، پاکستان بھر میں ہماری ٹیمیں شجر کاری مہمات کا بھی آغاز کریں گی ۔‘‘ماضی میں بھی پی ٹی سی ایل نے ملک بھر میں ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں ' رنگ دو ' کے نام سے مہم کا آغاز کیا تھا اور اس سلسلے میں بلوچستان میں 200,000 مینگرووکے پودوں کی شجر کاری کے لئےWWF کے ساتھ شراکت کی تھی۔ پی ٹی سی ایل ہیڈکوارٹر کو WWF کی جانب سے گرین آفس کا درجہ بھی دیا گیا ہے ۔حال ہی میں، کمپنی کی جانب سے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ درختوں کے تحفظ اور کم سے کم کاغذی استعمال کے لیے صارفین کو پی ٹی سی ایل کی ویب سائٹ، Touch App اور ہیلپ لائین 1218 جیسی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ eBilling کا انتخاب کر سکیں ۔ پی ٹی سی ایل ماحولیاتی تحفط اورسر سبز پاکستان کے لئے کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

معاہدہ

مزید : ملتان صفحہ آخر