پاکستان سٹاک مارکیٹ ، ایک روزہ مندے کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 200پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان سٹاک مارکیٹ ، ایک روزہ مندے کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 200پوائنٹس کا ...

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کواتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی38200اور38300کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں41ارب37کروڑروپے سے زائدکا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 52.97 فیصد زائد جبکہ51فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 38039پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم برادر ملک چین کی جانب سے 2ارب ڈالر سے زائد ملنے کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے کے باعث حکومتی مالیاتی ، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام،توانائی فوڈز،سیمنٹ سمیت سیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس 38372پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم اتارچڑھاؤ کے باعث کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکا،اتارچڑھاؤکاسلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 200.47 پوائنٹس اضافے سے 38329.13 پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر347کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے177کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،139کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ31کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں41 ارب37کروڑ 94 لاکھ 84ہزار844روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر78کھرب7 ارب 87کروڑ 55 لاکھ24ہزار396روپے ہوگئی۔

مزید : کامرس