ہمیں پیغام دیا جا رہا ہے ڈر جائیں ، یاد رکھیں بھٹو نے جان دیدی ، سرنگوں نہیں ہوا:بلاول ،کا روا ں دواں

ہمیں پیغام دیا جا رہا ہے ڈر جائیں ، یاد رکھیں بھٹو نے جان دیدی ، سرنگوں نہیں ...

کراچی ،حیدرآباد(آئی این پی،آن لائن) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا ’’کاروان بھٹو ‘‘رواں دواں ہے ۔کارواں آج بروز بدھ صبح دس بجے آگے بڑھے گا، دوڑ، پڈعیدن، محراب پور، بھریا روڈ، رانی پور، خیرپور میرس، روہڑی، سکھر، گوسرجی، حبیب کوٹ، مدیجی، نوڈیرو کے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے بلال بھٹو لاڑکانہ پہنچیں گے اور اختتامی خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو نے حیدرآباد سٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے خلاف احتساب کا عمل شروع کیا گیا ہے میں احتساب کے خلاف نہیں ہوں اگر یہ شفاف اور غیر جانبدار ہو لیکن احتساب کے نام پر انتقام قبول نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ ہمارے کیس کو کراچی سے پنڈی لے جایا گیا ہے پنڈی سے ہماری تلخ یادیں وابستہ ہیں لگتا ہے کہ ہمیں پیغام دیا جارہا ہے کہ ہم ڈر جائیں لیکن میرے نانا نے پھانسی کا پھندا قبول کیا میری والدہ نے جام شہادت نوش کیا یہ ضیاء الحق اور مشرف کی آمریت سے خوف زدہ نہیں ہوئے تو ہم بھی کسی آمر و جابر کے سامنے سرنگوں نہیں ہو نگے ذوالفقاربھٹونے جان دیدی لیکن نظرئیے سے یوٹرن نہیں لیا، کچھ لوگ آج بھی بھٹوشہیدآج کے نظریے اور فکر سے ڈرتے ہیں، قومی اسمبلی میں ذوالفقاربھٹو کا نام لیا جاتا ہے تو وزیرجل جاتے ہیں، ان کے وزیروں کی چیخیں نکلتی ہیں،عوام ہمارے ساتھ ہیں ۔ وہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ عوامی سیلاب کے سامنے ٹہر نہیں سکیں گے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بعض عناصر 73ء کے آئین کے خلاف سازش کررہے ہیں اور ملک میں ون یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں صوبوں کا حق اور اختیار ان سے چھینا جارہاہے این ایف سی کا 120ارب روپیہ سندھ کو نہیں ملا اگر یہ ملتا تو میں نوجوانوں کو روزگار دیتا ، نئے اسکولز و اسپتال کھولتا انہوں نے کہاکہ ہماری گیس استعمال ہورہی ہے لیکن سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے پانی کے معاہدہ کی بھی خلاف ورزی ہو رہی ہے سندھ کو اسکے حصہ کا پانی نہیں دیا جارہا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ہیں ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ پوچھنے کا حق ہے کہ بھٹو کی پھانسی کا مقدمہ سست روی کا شکار کیوں ہے بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو کیفر کردار تک کیوں نہیں پہنچایا گیا چیف جسٹس نے جب مجھے بے قصور قرار دیا تو میرا نام تحریری فیصلے میں کیوں آگیا میرا مقدمہ کراچی سے باہر کیوں چلایا جارہا ہے ۔قبل ازیں لانڈھی ریلوے سٹیشن پر کارکنوں سے خطاب میں کہا آپ سب کا،ملیرکے جانثاروں کابی بی کے کا رکنوں کاشکرگزارہوں، آپ سب استقبال کر نے کیلئے یہاں آئے ہیں، اپریل کوبھٹوکاچالیسواں یوم شہادت ہے، ہم ہرسال گڑھی خدابخش پہنچتے ہیں، ہم اس سال بھی بڑی تعدادمیں گڑھی خدابخش پہنچیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا ہم دنیاکوپیغام دیں گے کہ کل بھی بھٹوزندہ تھاآج بھی بھٹوزندہ ہے، شہیدذوالفقاربھٹو نے آمرکے سامنے سرنہیں جھکایا، 40سال پہلے غیرجمہوری قوتوں نے بھٹوتختہ دارپرلٹکادیا، ذوالفقاربھٹونے جان دیدی لیکن نظریے سے یوٹرن نہیں لیا۔پی پی چیئرمین نے ذوالفقاربھٹوکوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نظم پیش کی ، وہ قائدعوام تھا،وطن کاافتخارتھا۔ان کا کہنا تھا جب آپکے نواسے کو بھٹوکے نا م سے پکاراجاتاہے تووزیروں کی نیندیں اڑجاتی ہیں، یہ ان سے برداشت نہیں ہو رہاتھاکہ بھٹوکا نواسا الیکشن میں حصہ کیوں لے رہاہے۔بلاول بھٹو نے کہا تاریخ میں بدترین دھاندلی کی گئی،میڈیاکی بدترین سنسرشپ کی گئی، کے پی کیلئے ہمارے جہازکواڑ نے نہیں دیاگیا، پشاورمیں ہمیں گھر سے باہر جانے نہیں دیاگیا، مالاکنڈمیں نامعلوم افرادنے دھاندلی کی ہے،فارم45آج بھی نہیں، لیاری میں آج بھی ہمارافارم 45لاپتہ ہے۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا لاڑکانہ میں بھی کوشش کی گئی لیکن ان سے نہیں ہوسکا،کوشش ناکام ہوئی اور20سال بعدبھٹواسمبلی میں پہنچ گیا، یہ لوگ اپوزیشن کو برداشت نہیں کرتے ان کیلئے مسئلہ ہوگیا، یہ لوگ پرویزمشرف کی پیداوارہیں، جوالیکشن اوردھاندلی سے حاصل نہ کرسکے نیب کے ذریعے حاصل کرناچاہتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا الیکشن میں ناکام رہے وہ اس طریقے میں بھی ناکام رہیں گے، نیب مشرف کابنایاگیاادارہ ہے، 2011 میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نیب کا اہم کردار تھا، نیب کاآج بھی وہی کردارہے، وہ سمجھتے ہیں وہ ہمیں ڈراسکتے ہیں؟ وہ ہماری زباں بندکرسکتے ہیں؟ب وہ سمجھتے ہیں بھٹوکانواسہ بلاول ڈرجائیگا، وہ سمجھتے ہیں ہم انسانی اور معاشی حقوق کادفاع نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو

کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو کا عوام سے اور عوام کا بھٹو سے عشق کبھی ختم نہیں ہوگا،بلاول بھٹو کا استقبال کرنے والوں کا شکر گزار ہوں ، اللہ اور عوام بلاول بھٹو کے محافظ ہیں۔کاروان بھٹو میں شریک جیالوں کا شکریہ۔

مزید : صفحہ اول