نواز شریف کی ضمانت پرباقی قیدی بھی رہائی کا مطالبہ کر سکتے ہیں،صمصام بخاری
لاہور(کرائم رپورٹر،این این آئی) وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام بخاری نے گزشتہ روز آئی جی پولیس پنجاب، امجد جاوید سلیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب نے وزیر اطلاعات کو پنجاب پولیس کی ورکنگ،تعلقات عامہ اور عوام کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے تمام اقدامات 8787، محکمانہ احتسابی عمل، خدمت مراکزاور پولیس خدمت کاؤنٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں جاری مختلف پولیس اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے آئی جی پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم پنجاب پولیس کے تمام اقدامات کو میڈیا پر مزید نمایاں کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراطلاعات کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن کے نئے فرسٹ سیکرٹری پولیٹیکل سٹیفن ہل ، سبکدوش ہونے والے ٹام ڈی فان بلینک اور محمد سعد پالیسی آفیسر نے شرکت کی۔ سید صمصام علی بخاری نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ ہم انسانی ترقی کے امور پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ برطانوی حکومت کے ادارے ڈیفڈ نے جس طرح شعبہ تعلیم میں پاکستانی حکومت کی معاونت کی ہے وہ قابل تحسین ہے ہم برطانیہ سے تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔ بعدازاں سید صمصام علی بخاری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی 6ہفتے کے لئے ضمانت پر رہائی کے حوالے سے صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو 6ہفتے کے لئے ضمانت پر رہائی کے بعد باقی قیدی بھی اس فیصلے کی بنیاد پر بیماری کے علاج کے لئے اپنی رہائی کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ کی وجہ سب جانتے ہیں کہ وہ جمہوریت کے نام پر عوام کی توجہ کرپشن کے کیسوں اور گرفتاریوں سے ہٹانا چاہتی ہے ۔
رہائی مطالبہ