پاکستان کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتا رہے گا: شاہ محمود قریشی

پاکستان کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتا رہے گا: شاہ محمود ...

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان خیالات کا اظہار یورپی پارلیمینٹ کے رکن واجد خان سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں یورپی یونین فرینڈ شپ کے چیئرمین پرویز لوسر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے جبکہ رپورٹس کے مطالعہ سے پاکستان کے موقف کی تائید ہوتی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کیوبا کی سفیر نے ملاقات کی ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سماجی واقتصادی ترقی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے ،کیوبا کے ساتھ صحت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں ۔ملاقات میں پاکستان اور کیوبا کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔کیوبا کی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول