جنید خان مناسب مواقع ملنے پراپنی اہلیت ثابت کرنے کیلئے تیار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کی جانب سے رواں سیزن کے دوران عمدہ کارکردگی سے محرومی کے باوجود بائیں ہاتھ کے پیسر جنید خان مناسب مواقع ملنے پراپنی اہلیت ثابت کرنے کیلئے تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ اگر انہیں قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع مل جائے تو ان کی حقیقی کارکردگی سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ میچوں میں ان سے بہت اچھی باؤلنگ نہیں ہو سکی اور وہ چھ میچوں میں آٹھ وکٹیں ہی لے سکے لیکن وہ درست راہ کی جانب گامزن ہیں اور انہوں نے قومی ٹیم میں واپسی پر نظریں جما رکھی ہیں جس کیلئے وہ گزشتہ برس نومبر کے بعد سے نہیں کھیل سکے ہیں۔پی ایس ایل سے قبل بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائٹنز کی جانب سے 11وکٹیں حاصل کرنے والے جنید خان کا کہنا تھا کہ ان میں بہتری آ رہی ہے اور اگر انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ کیخلاف کھیلنے کا موقع مل جائے تو وہ ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بنا سکتے ہیں۔