نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے حکم پرکھوکھر پیلس میں مٹھائیاں تقسیم

نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے حکم پرکھوکھر پیلس میں مٹھائیاں تقسیم

لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے تا حیات قائد اور عوامی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ضمانت پر رہائی اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے عدالتی حکم کی خوشی میں کھوکھر پیلس جوہر ٹاؤن میں مسلم لیگی رہنما و ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کارکنوں میں منوں کے حساب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف پاکستان کی ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف پاکستان کی ترقی کے لئے لازم و ملزوم ہیں ان کا وجود پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے اللہ تعالی میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی زندگی عطا کرے ہمیشہ ان کے دور حکومت میں ہی پاکستان کو ترقی ملی ہے اور پاکستان کو بھی معاشی طور پراستحکام ملا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ آج جب دونوں قائدین کے بارے میں فیصلہ آیا اور اس کے نتیجے میں ملک بھر میں جو جشن منائے گئے اس سے یہ بات سب کو سمجھ میں آجانی چاہئے کہ ہم ایسے ہی نہیں یہ بات کہتے ہیں کہ حقیقی لیڈر یہ دونوں بھائی ہی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم پہلے بھی یہ بات کہتے آئے ہیں اور اب بھی کہتے ہیں کہ کسی کی بھی صحت کو بنیاد بنا کر اپنی سیاست نہیں چمکانی چاہئے ہم نے اور ہماری لیڈر شپ نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور یہ اسی بات کا نتیجہ ہے کہ آج عدالتوں سے ہی ہمارے حق میں حق اور سچ پر مبنی فیصلے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ وزراء ہمارے لیڈر کی بیماری کو لیکر اپنی سیاست چمکاتے رہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہئے اور اخلاقیات کا مظاہرہ بھی کرنا چاہئے اسی میں ان کی بہتری ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1