ضلع اورکزئی میں مکمل امن قائم ہوچکا ،بریگیڈئیر شہزاد

ضلع اورکزئی میں مکمل امن قائم ہوچکا ،بریگیڈئیر شہزاد

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) اپر اورکزئی تحصیل اسماعیل زئی میں سیکٹر کمانڈر ساؤتھ ویسٹ بریگیڈئیر شہزاد اکرم کی جانب سے منعقدہ یوم پاکستان امن کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہونے پر فائنل میں پہنچنے والی دو کرکٹ ٹیمیں آخیل الیون اور علی خیل لیویز کے درمیان10۔10اوورز پر مشتمل فائنل میچ کھیلا گیا۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے مہمان خصوصی بریگیڈےئر شہزاد اکرم، لیفٹیننٹ کرنل ظفر، میجر وسیم، میجر جواد اورمیجر معظم سمیت کثیر تعداد میں شائقین کرکٹ گراؤنڈ میں موجود تھے۔ آخیل الیون کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10اوورز میں 7کھلاڑیوں کے نقصان پر 103رنز بنائے جبکہ مد مقابل علی خیل لیویز نے مقررہ ہدف کے تعاقب میں مایوس کن کھیل پیش کرتے ہوئے 8کھلاڑیوں کے نقصان پر 91رنز بناکر فائنل میچ ٹرافی ہار گئے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی بریگیڈےئر شہزاد اکرم نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو کھیل کود کے مواقع فراہم کرکے دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ ضلع اورکزئی میں مکمل امن قائم ہو چکا ہے ۔دہشت گردی کی تاریک راتیں ختم ہو کر امن ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو گیا ہے نوجوان کھیل کود کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے بھی اپنا بھر پور کردار اداکریں۔آخر میں فائنل میچ کے مہمان خصوصی بریگیڈےئر شہزاد اکرم نے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم آخیل الیون رنر اپ علی خیل لیویز اور ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر