میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،امجد علی خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی خان نے صوبے میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف اچانک چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے تفصیلات کے مطابق وزیر موصوف نے گزشتہ رات پولیس کے ہمراہ ضلع صوابی جگنات،چونترہ اور جل بئی کے مقامات پر غیرقانونی کان کنی پر چھاپہ مار کر 5 عدد ڈمپر گاڑیاں اور ایک عدد اسکلیٹر قبضے میں لے لیا۔ اس موقع پر وزیر معدنیات نے غیر قانونی کان کنی میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں میر ٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوششوں سے معدنیات کے غیرقانونی کان کنی میں کافی کمی آ چکی ہے۔انہوں نے ضلع بونیر کے قانونی کان کنی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ غیرقانونی کان کنی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔انہوں نے مستقبل میں اس قسم کے چھاپے مارنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی کان کنی کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔