بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانا والدین کے غلط سوچ کا نتیجہ ہے: شوکت علی یوسفزئی

بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانا والدین کے غلط سوچ کا نتیجہ ہے: شوکت علی یوسفزئی

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ والدین کا بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے نہ پلانا، بچوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہے انسدادپولیو کے قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے ہیں ۔دنیا کے بیشتر ممالک نے پولیو کے ناسور سے چھٹکارا پالیا ہے لیکن بد قسمتی سے ابھی تک ہمارے ملک میں انسداد پولیو کے قطروں کے خلاف منفی پروپیگنڈاکیا جاتا ہے۔ پولیو کا ایک کیس آنے سے بیرونی دنیا میں ملک کی بدنامی ہو جاتی ہے یہاں تک کہ بیرون ممالک سفر پر پابندی بھی لگ جاتی ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات نے پولیو مہم کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے لیکن کچھ والدین انسدادپولیوکے قطرے پلوانے سے انکار کردیتے ہیں۔ پولیو کے قطرے نہ پلوانا افسوسناک اور غلط سوچ کا نتیجہ ہے کیونکہ اس سے بچے کا مستقبل تباہ ہوجاتا ہے ایک معذور بچہ نہ صرف خودمحتاج ہوتا ہے بلکہ اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ساری عمر، اس کے خاندان کے لیے بھی مشکل ہو جاتی ہے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پولیو سے انکار ی والدین کو ترغیب دلانے کے ساتھ، اس سلسلے میں حکومت سخت سے سخت فیصلے بھی کرے گی کیونکہ صوبائی حکومت کسی کو بھی بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے نہیں دے گی۔

مزید : صفحہ اول