خراب معیشت اور مہنگائی کے ایجنڈا پر اے پی سی بلائی جائے،چودھری شجاعت

خراب معیشت اور مہنگائی کے ایجنڈا پر اے پی سی بلائی جائے،چودھری شجاعت

سیالکوٹ( آن لائن) صدر پاکستان مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلاول ابھی بچہ ہے بچپن میں ٹرینوں سے کھیلتا رہا ہے اوراب ٹرین مارچ کررہا ہے، نواز شریف بیمار ہیں تاہم عدالتی فیصلہ پر تبصرہ نہیں کرسکتاہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری محمد سلیم بریار کی رہائش گاہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد سلیم بریار کے علاوہ سابق ایم پی اے انصر بریار، قیصر بریار، رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر ڈار، صدف بٹ ، عمر کھرل ، ذوالفقار گھمن، فضل جیلانی اور حاجی شاہد بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف کا اتحاد کامیابی سے جاری ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معیشت کی صورتحال خراب ہے، اس ایک ایجنڈا پر آل پارٹی کانفرنس بلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا ماڈل ٹاؤن سانحہ میں بچنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم کے اتحاد کیلئے سوچیں گے۔ مونس الہی کے وزیر بننے کے بارے میں پوچھے جانے والے سوالات پر کہا کہ انشاء اللہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا اس پر نظر ثانی ہونی چاہئے۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین نے موضع ویرم میں ذوالفقار گھمن کی والدہ پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

اے پی سی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر