”آپ نے کیا سوچ کر احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کیا؟ “ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے ایسا جواب دیدیا کہ آپ دل کھول کر داد دیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کی چیمپین فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں لینے پر بہت سے لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا مگر میں ہمیشہ سے اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہر شخص کو دوسرا موقع دینا چاہئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سوال کیا گیا کہ ٹورنامنٹ سے پہلے بہت سے لوگ اس بات کو دل کر لے گئے تھے کہ آپ نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں لے لیا ہے لیکن انہوں نے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح کے سفر میں انتہائی اہم کردار ادا کیا، تو آپ نے کیا سوچ کر دونوں کو موقع فراہم کیا۔
ندیم عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ہمیشہ سمجھتا ہوں کہ ہر شخص کو دوسرا موقع دیناچاہئے، عمر اکمل اور احمد شہزاد دونوں بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور مجھے یقین تھا کہ ہمارے کوچ معین خان اور کپتان سرفراز احمد کی کیمسٹری اس طرح کی بن چکی ہے وہ دونوں کھلاڑیوں کو سنبھال سکتے ہیں۔
احمد شہزاد اور عمر اکمل نے اپنا ٹیلنٹ دکھایا، وہ دونوں بہت بدل چکے ہیں اور اپنے ساتھ بیتنے والے واقعات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہی وجہ ہے انہوں نے کارکردگی دکھائی۔ ان کی کارکردگی پر شروع سے ہی کوئی شک نہیں تھا البتہ میدان سے باہر کی سرگرمیوں سے کافی لوگ ناراض تھے، میرے خیال سے انہوں نے کچھ ثابت کرنا تھا اور جب اس طرح کی سوچ کے کھلاڑی آپ کے ساتھ آتے ہیں تو پھر ثابت بھی کرتے ہیں اور مجھے ان دونوں کی کارکردگی پر بہت خوشی ہے۔