حکومت کے تمام شعبے اب براہ راست عوام کی دہلیز پر دستیاب ہونگے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت نے آج ایک اور وعدہ نبھاتے ہوئے ICT سٹی ایپلیکیشن کے افتتاح کے ذریعے شہری حکومت کے تمام شعبوں کو براہ راست عوام کی دہلیز پر دستیاب بنا دیا۔ کرونا جیسی وبا کے دوران اسکی اہمیت اور بھی بڑھ چکی ہے۔ اس ایپلیکیشن کے ذریعے کم و بیش 43 مختلف خدمات آن لائین فراہم کی جارہی ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ ای-پولیسینگ، ہنگامی خدمات، شناختی کارڈ، ڈومیسائلز،پاسپورٹ،اسلحہ لائسنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، پیدائش و وفات کےسرٹیفکیٹس سمیت متعدد خدمات اسکاحصہ ہیں۔اس ایپلیکیشن کے ذریعے ادویات اور اشیائےضروریہ کی قلت کی صورت میں انتظامیہ کی فوری مداخلت کی راہ بھی ہموار ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ اس سے عوام کو سرکاری دفتروں کے چکر کاٹنا پڑیں گے نہ ہی طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر انتظار کی زحمت گوارا کرنا ہوگی۔ اسلام آباد میں کامیاب آزمائشی دورانیے کی تکمیل پر اسے دیگر شہروں میں بھی متعارف کروائیں گے۔