”ہم دوبارہ کرکٹ کھیلیں گے، میں بھی کھیلوں گا اور۔۔۔“ جیمز اینڈرسن نے کورونا وائرس سے خوفزدہ لوگوں کے حوصلے بڑھا دئیے
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن پرعزم ہیں کہ کورونا وائرس ان کے کیرئیر کا خاتمہ نہیں کرے گا اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ”ورچوئل ٹریننگ“ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 584 وکٹیں لینے والے 37 سالہ جیمز اینڈرسن کا کیرئیر خاتمے کی جانب گامزن ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ مئی کے آخر تک کرکٹ نہیں کھیلی جائے گی مگر اس کے باوجود پروفیشنل باﺅلنگ سے دوری کا سوچا بھی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا ”میں نے تو دوبارہ کبھی نہ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں سوچا ہی نہیں ہے۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ہم دوبارہ کھیلیں گے اور میں بھی کھیلوں گا۔ مجھ میں اب بھی کرکٹ کی بھوک ہے اور میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ میں اپنے کیرئیر کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کیلئے بالکل تیار ہوں۔“