سندھ حکومت کی جانب سے مساجد بند رکھنے کے فیصلے پر مفتی نعیم اور علامہ شہنشاہ نقوی نے تائید کردی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم اور شیعہ عالم علامہ شہنشا ہ نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مساجد کو بند کرنے یا کھلا رکھنے کا اختیار ہے ۔نجی نیوز چینل اے آر وائی کے پروگرام میں مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے گھر میں نماز پڑھنے کا کہا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مسجدوں کو بند کردیا جائے ،قریبی لوگ آسکتے تھے ۔جو لوگ معذور ہیں ،پریشان حال ہیں وہ اپنے گھروں میں نماز پڑھ لیں ۔مساجد میں موذن ،خادم اور اندر کے لوگ نماز پڑھ لیا کریں ،باہر کے لوگ نہ آئیں لیکن مساجد کو بالکل تالا لگانا ہے ،ٹھیک نہیں ۔مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ علما نے یہ بھی کہا ہے کہ ریاست کو اختیار ہے ،وہ چاہیں تو مسجد میں نماز بند کر سکتے ہیں ۔کاشف عباسی نے کہا کہ مفتی منیب الرحمان اس فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں ،اس پر مفتی نعیم نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ان کی طبیعت صحیح نہ ہو ،مجھے نہیں معلوم کیا مسئلہ ہے لیکن ریاست کو اختیار ہے کہ مساجد بند رکھے یا کھلی ۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ نقوی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ حکومت کی ہدایت پر گھروں میں رہیں، آپ کو انفرادی عبادت کی ترغیب دے رہے ہیں جس کا حسن ہی کچھ اور ہے۔