گوشت اور دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لائیو سٹاک افسران کا مارکیٹوں کا دورہ

گوشت اور دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لائیو سٹاک افسران کا مارکیٹوں کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا میں کورونا وباء کے تدارک کے پیش نظر نافذ صحت ایمرجنسی کے بعد عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے جہاں دیگر محکمے سرگرم ہیں محکمہ زراعت، لائیو سٹاک و ماہی پروری بھی شہریوں کو گوشت، دودھ اور انڈوں کی بروقت، معیاری اور سرکاری نرخ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے پورے صوبے میں متحرک ہو چکا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت اور لائیو سٹاک محب اللہ خان کی ہدایات پر محکمے نے تمام اضلاع بشمول ضم اضلاع کے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو اپنے علاقوں میں گوشت، دودھ اور انڈوں کی فراہمی یقینی بنانے کی احکامات جاری کیے تھے۔ سیکریٹری لائیو سٹاک کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عالم زیب نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک پشاور معصوم شاہ کے ہمراہ پشاور میں گوشت اور دودھ کی دکانوں اور مارکیٹس کا دورہ کیا اور ان اشیاء کی دستیابی اور سپلائی کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر عالم زیب نے باچا خان چوک (چرگانوں چوک)، نمک منڈی، رنگ روڈ پر واقع مذبحہ خانے سمیت کئی دکانوں کا دورہ کیا اور گوشت، دودھ اور انڈوں کی فراہمی اور مارکیٹس میں روزانہ کی سپلائی کا جائزہ لیا۔ اسی طرح ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک کے دفتر سے جاری اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضم اضلاع نے ہدایات پر ضلع کرم، اورکزئی، مہمند اور جنوبی و شمالی وزیرستان میں گوشت اور دودھ کی دکانیں کھلی ہیں اور یہ اشیاء سرکاری نرخ پر دستیاب ہیں۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ، کرک، کوہاٹ، لکی مروت، لوئر دیر، بنوں، ہری پور اور ٹانک میں گوشت، دودھ کی دکانیں کھلی ہیں اور ان اشیاء کی روزانہ کی بنیاد پر فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔